پاکستان
Time 03 جولائی ، 2020

کراچی کے سوا ملک میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے: اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہےکہ ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر ہونے سے کورونا کا صورتحال بہتر ہوئی ہے جس سے ملک بھر میں آج اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد اور آکسیجن کی ضرورت والے افراد کی تعداد جون کے وسط سے کم ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران اسد عمر نے بتایا کہ ملک میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ہرہفتے جائزہ لیا جاتا ہے، جون کے وسط میں 20 شہروں میں ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن جون کے وسط کی نسبت اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق صورتحال میں بہتری نظر آرہی ہے اور ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر ہونے سے صورتحال بہتر ہوئی ہے، ملک بھر میں آج اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد، آکسیجن کی ضرورت والے افراد کی تعداد جون کے وسط سے کم ہے، اگر حالات مناسب رہے تو جولائی کے آخر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ تک ہو گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر بنایا جس سے وبا کم ہوئی ہے، اگر انتظامی کارروائی نہیں کریں گے تو ہوسکتا ہے کہ جولائی تک 12 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوں، ہم سب کے ہاتھ میں ہے کہ اس وبا سے اپنے آپ کو بچا سکیں، زیادہ تر افراد نے حکومت اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کیا۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ صرف کراچی میں بہتری نظر نہیں آئی جس کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنا رہے ہیں، سندھ میں مزید کتنا بہتر کام ہوسکتا ہے آج شام پھر مشاورت ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد ہے اور 4500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ سندھ میں کیسز کی تعداد 89 ہزار سے زائد ہے جن میں نصف سے زائد کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

مزید خبریں :