پاکستان
Time 03 جولائی ، 2020

پی ایف یو جے کا فیصل واوڈا کیجانب سے صحافیوں کو دھمکیاں دینے پر اظہار تشویش

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی جانب سے صحافیوں کو دھمکیاں دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایف یو جے کے بیان کے مطابق فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر سینیئر صحافیوں کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے وسعت اللہ خان، ضرار کھوڑو، مبشرزیدی، فخردرانی اور عمر چیمہ سے بدزبانی کی اور سرکاری عہدیدار اور منتخب نمائندے کا اس طرح کی زبان استعمال کرنا حیران کن ہے۔

صحافتی تنظیم نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا اپنے اس عمل پر معافی مانگیں اور وزیراعظم عمران خان اپنے وزیر کے رویے کی تحقیقات کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کے لیے بوجھ بن چکے ہیں۔

خیال رہے کہ فیصل واوڈا نے غیرقانونی اثاثوں اور امریکی شہریت کے سوال پر سینیئر صحافیوں کو ٹوئٹر پر دھمکیاں دی ہیں۔

مزید خبریں :