Time 05 جولائی ، 2020
پاکستان

صوبائی خودمختاری کیلئےگنجائش محدود کی جا رہی ہے: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبائی خودمختاری کے نفاذ کےلیے گنجائش محدود کی جا رہی ہے جب کہ  عام شہری کورونا اور ٹڈیوں کے رحم وکرم پر ہیں۔ 

چیئرمین پی پی پی نے 5 جولائی1977 کو پاکستان کا تاریخ کا تاریک ترین دن قرار دیا اور کہا کہ جمہوریت اب بھی پنپنے کے شروعاتی مراحل میں ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی آج یوم سیاہ منا رہی ہے جس کے حوالے سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 جولائی 1977 کو آئین معطل، جمہوریت کو لپیٹا گیا اور   منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو ہٹایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئین وجمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دیتی رہے گی تاہم جمہوریت اب بھی پنپنے کے شروعاتی مراحل میں ہے۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی خودمختاری کے نفاذ کے لیے گنجائش محدود کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے سروں پر بیروزگاری کی تلواریں لٹک رہی ہیں جس سے ہر گزرتے دن کے ساتھ غریب مزید غریب ہوتا جا رہا ہے جب کہ عام شہری کورونا اور ٹڈیوں کے رحم وکرم پر ہیں۔

مزید خبریں :