Time 06 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں مون سون کی پہلی بارش 5 افراد کی جان لے گئی

کراچی میں مون سون کی پہلی بارش 5 افراد کی جان لے گئی، مختلف واقعات میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

ریکسیو حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا جبکہ ابراہیم حیدری میں بارش کےباعث چھت گرنے سے 2افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

اس کے علاوہ  ملیر شمسی سوسائٹی میں دیوار گرنے سے 3 سال کی بچی جاں بحق ہوئی۔

بارش کے موسم میں بجلی کے کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں، کے الیکٹرک

کراچی میں بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک نے وارننگ جاری کی ہے کہ بارش کےموسم میں بجلی کے کھمبوں اورٹوٹی ہوئی تاروں سے شہری دور رہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نے سسٹم کی بہتری کے لیے قابل ذکراقدامات کئے ہیں، ارتھنگ،گراونڈنگ، ایچ ٹی اور ایل ٹی پولز کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے، امیدہے شہری حکومت و متعلقہ ادارے برساتی پانی کی فوری نکاسی کریں گے۔

ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کےالیکٹرک کی موبائل ٹیمیں بجلی سےمتعلق بروقت امداد،اقدامات کیلئے مصروف ہیں، بارش سےقبل یادوران صارفین شکایت کیلئے 118 کال سینٹر یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں :