Time 07 جولائی ، 2020
پاکستان

ائیر مارشل ارشد ملک 3 سال تک پی آئی اے کے سربراہ رہیں گے، وفاقی کابینہ کی منظوری

 وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو  آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک کے 3 سال تک عہدے پر رہنے کی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی اقتصادی اور سیاسی صورت حال سمیت کورونا وائرس کی وبا اور  دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ائیرمارشل ارشد ملک کو پی آئی اے کا 3 سال تک چیف ایگزیکٹو  کا عہدہ سنبھالنے کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کی منظوری کے  بعد ائیر مارشل ارشد ملک پاکستان ائیر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو رہیں گے۔

خیال رہے کہ ائیرمارشل ارشد ملک 12 جولائی کو پاکستان ائیر فورس سے ریٹائر ہو رہے ہیں، انہیں 11 اکتوبر 2018 کو وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کا چیئرمین بنانے کی منظوری دی تھی جب کہ بعد ازاں 2 اپریل 2019ء کو انہیں سی ای او تعینات کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کے معاملے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ جعلی اور مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

وفاقی کابینہ نے پائلٹس کی مشکوک ڈگریوں سےمتعلق جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اےٹی ایف) سے متعلق کمپنیز ایکٹ2017ء  میں ترمیم کا معاملہ مؤخرکردیا ہے۔

'تمام مشکوک لائسنس پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے دور میں جاری ہوئے'

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے بتایا کہ  پی آئی اے کے جعلی لائسنس والے28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیاگیا ہے،تمام مشکوک لائسنس پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے دور میں جاری ہوئے۔

کورونا کے حوالے سے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے زمینی حقائق دیکھ کر حکمت عملی اپنائی،معاشی نقصانات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ پیش کیا، کورونا وبا سےنمٹنے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مؤثر کردار ادا کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا سے پاکستان بہت کم متاثر ہوا ہے، کورونا کی روک تھام  کے لیے حکومت کی حکمت عملی بہت کامیاب رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو عید الاضحیٰ پر وبا پھیلنے کا خدشہ ہے،وزیراعظم نے عید الاضحیٰ اپنے گھر پر منانے کا فیصلہ کیاہے، عوام بھی عید الاضحیٰ پر باہر جانے کی بجائے گھروں میں رہیں۔

مزید خبریں :