آئندہ ہفتے اے پی سی بلانے کیلئے شہباز اور بلاول کا ایک بار پھر رابطہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے شہبازشریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جب کہ لیگی صدر نے مزاج پرسی اور نیک تمناؤں پر بلاول کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں  نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ملک کو درپیش صورتحال پر آئندہ ہفتے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر مشاورت کی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بلاول سے سابق صدر آصف زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان سے والد کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور ان دنوں آئسولیشن میں ہیں جس کے باعث وہ قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں بھی شریک نہیں ہوسکیں ہیں۔

بلاول کی فضل الرحمان، سراج الحق ، محسن داوڑ و دیگر سے بھی گفتگو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، محسن داوڑ اور بلوچستان کے اپوزیشن رہنماؤں سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا— فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، محسن داوڑ اور بلوچستان کے اپوزیشن رہنماؤں سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں  دونوں رہنماؤں نے حکومتی بجٹ مکمل طور پر مسترد کرنے پر اتفاق کیا جبکہ کورونا کے پھیلاؤ کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

بلاول نے مؤقف اپنایا کہ ملک میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلا۔ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان آئندہ ہفتے اے پی سی بلانے پر بھی مشاورت ہوئی۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر میر حاصل بزنجو کو بھی ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے وفاقی بجٹ مسترد کرنے پر اتفاق کیا۔

بلاول نے کہا کہ کورونا اور ٹڈی دل سے متعلق وزیراعظم کی نالائقی سامنے آچکی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اورحاصل بزنجو نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی اتفاق کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایمل ولی خان کو بھی فون کیا اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔

 بلاول بھٹو اور ایمل ولی خان نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق  کیا۔ جس کے بعد بلاول نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

بلاول نے سراج الحق سے سید منور حسن کے انتقال پر تعزیت کی جبکہ امیر جماعت اسلامی نے بلاول سے آصف علی زرداری کی خیریت دریافت کی۔

بلاول بھٹو زرداری اور سراج الحق کے درمیان آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔

مزید خبریں :