09 جولائی ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسد عمر، گورنر سندھ اور معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملاقات کرکے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں کے الیکٹرک کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق معاملات کےحل کیلئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر، معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد قاسم اور گورنرسندھ کو ہدایت جاری کر دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کےالیکٹرک انتظامیہ سےجلد ملاقات کی جائےتاکہ مسائل کا حل ممکن بنایاجاسکے۔
ملاقات میں سندھ کی صورتحال خصوصاً کورونا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ نے کورونا سے متعلق وزیراعظم کے وژن اور حکمت عملی کو سراہا۔
خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کا معاملہ کئی سالوں سے ہے، اسے نیشنل گریڈ سے مزید بجلی درکار ہے، ہم کے ای کو 200 میگاواٹ مزید بجلی دیں گے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کے الیکٹرک کے مسائل حل کریں۔
گزشتہ روز بھی قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے الیکٹرک کے خلاف پھٹ پڑے تھے اور مطالبہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے۔
خیال رہے کہ جون کے مہینے میں گرمی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں14 سے 16 گھنٹے تک بجلی غائب رہنے لگی تھی اور اب بارش کا بہانہ بناکر کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک ہوگیا ہے جس کے باعث شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔