Time 10 جولائی ، 2020
پاکستان

جماعت اسلامی کا وفاقی حکومت سے کے الیکٹرک کو اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ

جماعت اسلامی نے وفاقی حکومت سے کے الیکٹرک کو اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کل  شارع فیصل پر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے سامنے کے الیکڑک کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک 26لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، اس کا لائسنس منسوخ کرکے فوری طور پر قومی تحویل میں لیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک والوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) دونوں کے الیکٹرک کے اتحادی ہیں اور دکھاوے کا احتجاج کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی آج ہونے والی سماعت میں ہمیں شرکت کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، ہم نے آج شہر کے 100سے زائد مقامات پر احتجاج کیا ہے اور کل شارع فیصل پر دھرنا دیں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں 8 سے 10 گھنٹے کی بدترین اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جب کہ بجلی کی بندش سے پانی کا بحران بھی جنم لے چکا ہے ۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کو اضافی گیس فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد کے الیکٹرک کو اضافی گیس کی فراہمی کے باعث سی این جی اسٹیشن 2 روز کے لیے بند کردیے گئے۔

مزید خبریں :