کھیل
Time 11 جولائی ، 2020

بورڈ کیجانب سے آئی سی سی کو لکھوایا گیا خط میرے خلاف استعمال کیا جارہا ہے: سلیم ملک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جواب کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ نے مجھے ای میل کرکے ٹرانسکرپٹ کا کہا کہ جواب میں غلطیاں ہیں، انہیں درست کریں لہٰذا میں دوسرے جواب کی تیاری کررہا تھا کہ یہ 2014 کا معاملہ سامنے لے آئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کرکٹ بورڈ مجھ سے جواب مانگ رہا ہے اور دوسری جانب نئی کہانی سامنے لے آئے، بورڈ میں کالی بھیڑیں بیٹھی ہیں جو معاملے کو خراب کررہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھجوانے کے لیے لکھوایا جانے والا لیٹر میرے خلاف استعمال کرنا مضحکہ خیز ہے، بورڈ نے جواب کسی اور چیزکا مانگا لیکن پریس ریلیز کچھ اور جاری کی گئی۔

سلیم ملک کا کہنا تھا کہ سبحان احمد اور تفضل رضوی نے کہا کہ ایک طریقہ ہے، اس معاملے کو حل کرنے کے لیے لیٹر لکھا جائے اور دونوں کا کہنا تھا کہ لیٹر آئی سی سی کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے لکھنا ہے اور لیٹر لکھنے کے ایک دو ہفتے میں معاملہ ختم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دونوں سے کہا کہ یہ معاملہ ختم ہونا چاہیے اور انہی کے کہنے پر ہی لیٹر پر دستخط کیے تھے۔

سابق کپتان نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین پی سی بی انکوائری کرکے معاملہ خراب کرنے والے لوگوں کو سامنے لائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے سلیم ملک اور دانش کنیریاکی پابندیاں اٹھانے کی درخواستیں مستردکردی تھیں۔

سلیم ملک کے حوالے سے پی سی بی کا کہنا تھاکہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سوالنامہ بھجوایا تھا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا، جب تک وہ آئی سی سی کے سوالنامے کا جواب نہیں دیتے ان کا کیس آگے نہیں چلا سکتے۔

 پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیم ملک مئی 2014 میں چیئرمین پی سی بی کے نام خط میں اعتراف جرم بھی کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :