دنیا
Time 11 جولائی ، 2020

ورلڈ کونسل آف چرچز کا ' آیا صوفیا' کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے پر مایوسی کا اظہار

ورلڈ کونسل آف چرچز نے ترکی میں 'آیا صوفیا' کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ساڑھے 3 سو چرچز کی نمائندہ تنظیم  نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو خط لکھ کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ورلڈ کونسل آف چرچز کا کہنا ہے کہ  1934 میں مسجد سے عجائب گھر میں تبدیل ہونے کے بعد سے آیا صوفیا تمام مذاہب اور قوموں کے لیے رواداری کی علامت رہی ہے لیکن اب اِس فیصلے سے تقسیم اور فاصلے بڑھنے کا خدشہ ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ  اس  فیصلے سے بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف مذاہب کے دوران مکالمے کے عمل میں غیر یقینی صورت حال اور شکوک و شبہات پیدا ہوں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکی کی اعلیٰ عدلیہ کونسل آف اسٹیٹ نے یونیسکو کے عالمی ورثے  کی فہرست میں شامل 1500 سال پرانی عمارت کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔

عدالتی فیصلے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے آیا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد  آیا صوفیا کی میوزیم کی حیثیت ختم ہوگئی ہے اور اس کا کنٹرول ترکی کے محکمہ مذہبی امور نے سنبھال لیا ہے۔

ترک صدر کا جمعے کی نماز  آیا صوفیا میں ادا کرنے کا اعلان

گذشتہ روز آیا صوفیا میں باقاعدہ طور پر اذان بھی دی گئی تھی جب کہ ترک صدر نے جمعہ 24 جولائی سے  آیا صوفیا میں باقاعدہ نماز کی ادائیگی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی جمعے کی نماز آیا صوفیا میں ادا کریں گے۔

طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ہماری تمام مساجد کی طرح آیا صوفیا کے دروازے بھی تمام غیر ملکیوں اور ہر مذہب کے ماننے والوں کے لیے کھلے ہیں۔

 واضح رہے کہ استنبول میں قائم یہ عمارت چھٹی صدی میں بازنطینی بادشاہ جسٹنیئن اول کے دور میں بنائی گئی تھی اور تقریباً 1000 سال تک یہ دنیا کا سب سے بڑا گرجا گھر تھی۔

1453ء میں استنبول(قسطنطنیہ) کی فتح کے بعد سلطنتِ عثمانیہ نے اسے مسجد میں تبدیل کردیا تھا اور پھر اس کے بعد یہ تقریباً پونے 500 سال تک مسجد رہی تاہم 1934ء میں جدید ترکی کے بانی مصطفٰی کمال اتاترک کے دور حکومت میں اسے ایک میوزیم میں تبدیل کردیا گیا۔

 ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی گذشتہ انتخابی مہم کے دوران متعدد مرتبہ آیا صوفیا کو ایک مرتبہ پھر مسجد بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

مزید خبریں :