12 جولائی ، 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں سب سے اہم چیز ماسک سمجھی جا رہی ہے، ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ماسک استعمال کرنے کی بار بار ہدایت دی جا رہی ہے جب کہ کچھ جگہوں پر اس کا استعمال لازمی قرار دینے کے لیے قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔
اسی دوران دنیا بھر میں لوگوں کو ماسک کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ایسے میں متعدد لوگ ماسک میں آئے روز جدت لا رہے ہیں۔
اب حال ہی میں اُردن سے تعلق رکھنے والے ایک شیف نے ماسک بنانے کے لیے الگ ہی حکمت عملی سوچی اور انہوں نے بینگن کے چھلکوں سے ماسک تیار کرلیا۔
اُردن کے عمر سرتاوی نامی شیف نے بینگن کے چھلکوں کو نمک کا استعمال کرتے ہوئے پانی میں پکانے کے بعد اسے سوکھا کر ایک چمڑے نما چیز میں تبدیل کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے سوچا کہ کیوں نہ بینگن کے چھلکوں کو پھینکنے اور انہیں ضائع کرنے کے بجائے اس سے ایک فیشن ایبل طرز کا ماسک تیار کیا جائے۔
اس ضمن میں عمر نے اُردن کے کچھ فیشن ڈیزائنرز کی بھی مدد حاصل کی جو بینگن کی چمڑے نما جلد کو فیشن ایبل ماسک میں تبدیل کرتے ہیں۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ اس ماسک کو خوبصورت بنانے کے لیے ہم اس میں سلور کی مدد سے نقش و نگار بھی بناتے ہیں۔