Time 13 جولائی ، 2020
پاکستان

’ایل او سی پر فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم چھپ نہیں سکتے‘

لاہور: قائد حزبِ اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ بھارت نے پورے خطے کے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ  ایل او سی پر فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم چھپ نہیں سکتے، بھارت نے پورے خطے کے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بار بار سیز فائر کی خلاف ورزی، شہری آبادی پر فائرنگ جنوبی ایشیا میں جنگ بھڑکانےکی بھارتی سازش ہے، بھارتی جنگی جنون پر عالمی برادری، اقوام متحدہ کی خاموشی عالمی امن سے بے پروائی جیسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا تماشا دیکھنے کے بجائے بھارت کو عالمی قانون کی خلاف ورزیوں سے روکے۔

شہبازشریف نے پاک فوج کی جانب سے مؤثر جواب دینےکا خیر مقدم بھی کیا اور 11 سالہ لڑکی اور خاتون سمیت 5 شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پربلا اشتعال فائرنگ کی جس سے کمسن لڑکی سمیت 5 شہری زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :