Time 13 جولائی ، 2020
پاکستان

غیر ملکی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 15 جولائی کو طلب کرلیا

الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 15 جولائی کو طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014ءسے درخواست دائر کررکھی ہے۔

الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے مسلم لیگ ن اور  پیپلزپارٹی کوبھی 16جولائی کو طلب کر لیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی مبینہ ممنوعہ فنڈنگ کے خلاف درخواست دائرکررکھی ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اپنی اسکروٹنی کمیٹی سےسیاسی جماعتوں کی فنڈنگ سے متعلق رپورٹ 17 اگست تک طلب کررکھی ہے۔

 واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر کی درخواست پر پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے اسکروٹنی کمیٹی قائم کی تھی جس کی تشکیل اور کارروائی خفیہ رکھنے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن سمیت مختلف عدالتوں میں چیلنج بھی کیا جاچکا ہے۔

اکبر ایس بابر کا دعویٰ ہے کہ حقائق سامنے آگئے تو یہ کیس پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل کر رکھ دے گا اورلوگوں کوپتہ چلےگا اس فنڈنگ کے پیچھےکون ہے۔

مزید خبریں :