پاکستان
Time 15 جولائی ، 2020

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے پاکستان کی ریٹنگ کم کرکے کیٹیگری 2 کردی

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے ملکی پائلٹس کے جعلی لائسنس کے بارے میں دیے گئے بیانات کے مضر اثرات کا سلسلہ جاری ہے۔ 

امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بدھ کو جاری کردہ اپنی ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ تحفظ کے معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی درجہ بندی کیٹیگری ایک سے گرا کر کیٹیگری 2 کردی گئی ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سیفٹی معیارپر پورا نہیں اترتا۔

کیٹیگری 2 کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس رجسٹرڈ فضائی کمپنیاں امریکا میں محدود آپریشن ہی جاری رکھ سکتی ہیں اور انہیں امریکا میں رجسٹرڈ کسی کمپنی کے ساتھ کوڈ شیئرنگ کی بھی اجازت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی۔

اس سے قبل وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی فہرست پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے، دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔

اس اعلان کے بعد ویت نام، ملائیشیا، بحرین اور دیگر ممالک نے پاکستانی پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا تھا اور ان ممالک کی سول ایوی ایشنز نے پاکستانی ایوی ایشن اتھارٹی سے پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کے لیے خط لکھا ہے۔

اس کے علاوہ یورپی یونین اور برطانیہ نے بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

پاکستانی پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر امریکا نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

مزید خبریں :