پاکستان
Time 16 جولائی ، 2020

سول ایوی ایشن کا پائلٹس کے لائسنس کلیئر قرار دینا ہمارے مؤقف کی جیت ہے: پالپا

پاکستانی پائلٹس کی تنظیم پالپا نے کہا ہے سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کی جانب سے پائلٹس کے لائسنسوں کو کلیئر قرار دینا ہمارے مؤقف کی جیت ہے۔

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے خط میں پائلٹس کے لائسنس کلیئر قرار دینے کے معاملے پر پالپا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سےپائلٹس کے لائسنس کو مشکوک قرار دینے سے پی آئی اے کی ساکھ متاثر ہوئی۔

پالپا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے نے خود تسلیم کرلیا کہ سی اے اے نے درست لائسنس جاری کیے، پائلٹس کے لائسنس کے معاملے کو غلط انداز میں میڈیا اورسوشل میڈیا پر پیش کیا گیا۔

پائلٹس کی تنظیم پالپا کا مزید کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پائلٹس کے لائسنس کو کلیئر قرار دینا ہمارے مؤقف کی جیت ہے، وزیر ہوا بازی اور پی آئی اے انتظامیہ نے قومی ائیر لائن اور دیگر ملکوں میں کام کرنے والے پائلٹس کو نقصان پہنچایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی تھی۔

قومی اسمبلی میں حادثے کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد غلام سرور خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ائیرلائن کے 200 سے زائد پائلٹس کے لائسنس کو جعلی قرار دیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کے بیان کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک نے پی آئی اے کے پائلٹس کوطیارے اڑانے سے روک دیا تھا۔

مزید خبریں :