Time 18 جولائی ، 2020
کھیل

دورہ انگلینڈ: کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی کارڈ جاری

فوٹو: فائل

اظہر علی کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ اور بابر اعظم کی قیادت میں ٹی20 اسکواڈ کے اراکین ان دنوں انگلینڈ میں موجود ہیں۔

دورہ انگلینڈ کے پہلے مرحلے میں قومی ٹیم ووسٹر کے بعد اب دوسرے مرحلے میں ڈربی میں موجود ہے، ووسٹر کے بعد ڈر بی میں بھی کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ گراؤنڈ کے واش روم کے برعکس ہوٹل میں اپنے واش روم کا استعمال کریں۔

دوسری جانب بائیو سیکیور ماحول میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے دورے کے ایکریڈٹیشن کارڈ کیساتھ ایک دوسرا کارڈ جاری کیا گیا ہے۔

کھلاڑیوں کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ ہر وقت اپنے ساتھ ایکریڈٹیشن کارڈ کے ہمراہ منسلک دوسرے کارڈ کو رکھیں، اطلاعات کے مطابق دوسرے کارڈ کا مقصد کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے۔

 یاد رہے کہ پاکستان ٹیم غیر معمولی حالات میں اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے  جہاں کورونا وائرس کے باعث ہزاروں افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے دورے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 29 کھلاڑیوں اور 14 آفیشلز کو مدعو کیا ہے  جب کہ دورہ انگلینڈ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم ہائی رسک  قرار دے چکے ہیں۔

دورے کے لیے کھلاڑیوں کے لیے جاری کیے گئے دوسرے کارڈ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے تاکہ وہ بائیو سیکور ماحول کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں۔

واضح رہے کہ  ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو اس لیے ٹیم سے ڈراپ کیا کہ وہ پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر کووڈ-19 پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر چلے گئے تھے۔

مزید خبریں :