کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شيڈنگ کا سلسلہ جاری

کراچی میں بارش کی وجہ سے بجلی کے ترسیلی نظام میں آئی خرابیاں اب تک دور نہیں کی جاسکی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شيڈنگ جاری ہے۔

شہرکے لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں8 سے 9 گھنٹے اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ والے علاقوں میں بھی 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جار رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بارش کی وجہ سے کے الیکٹرک کے ترسیلی نظام میں آنے والی خرابیاں تاحال دور نہیں کی جاسکی ہیں۔

نارتھ کراچی، سرجانی، گلشن اقبال 13 ڈی، لیاری، بلدیہ، ملیراور اورنگی کے صارفین کے مطابق  رات میں بھی 2 سے 3 گھنٹے بجلی بندکی جارہی ہے۔

کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں600 میگاواٹ کا فرق ہے، کے الیکٹرک پاور پلانٹس صرف 700 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں جب کہ نجی پلانٹس سے 300 اور نیشنل گرڈ سے 700 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک ہوگیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کے نوٹس اور وفاقی وزیر اسد عمر کے دعوے کے باوجود لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی ہے جب کہ حالیہ بارشوں کے بعد ہونے والی خرابیوں کے نتیجے میں شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ 

مزید خبریں :