21 جولائی ، 2020
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس ختم ہونے کے قریب ہے، صوبے میں گزشتہ روز کورونا کے صرف 5 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں مگر ہمارے ہاں صورت حال بہت بہتر ہے اور بلوچستان میں کورونا کےکیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مئی اور جون کی نسبت کورونا کیسز میں بہت کمی ہوئی ہے،گزشتہ روزکورونا کے صرف 5 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ صوبے میں کورونا سے صحت یابی کی شرح بھی80 فیصد تک ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے 23 اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم عید الاضحیٰ پر کورونا کے پھیلنے کاخطرہ ہے، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تعلیمی ادارے وفاق کے فیصلےکے تحت 15ستمبر سے کھولے جائیں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 11 ہزار 441 ہوچکی ہے جب کہ 133 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔