21 جولائی ، 2020
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) پر شکوک شبہات کا اظہار کردیا۔
لاہور میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پنجاب کے عہدیداران کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی عہدیداران اور منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں قمرزمان کائرہ، اعتزاز احسن اور چوہدری منظور سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کا حصہ کم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بلاول نے ن لیگ کے وفد سے ملاقات اور اے پی سی سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا جب کہ شرکاء نے ن لیگ کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپوزیشن کو اکٹھا کرنے میں سنجیدہ نہیں اور انہوں نے ماضی میں بھی اپوزیشن کو استعمال کیا اور اب بھی ان کا کردار مشکوک ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی جس میں حکومت سے چھٹکارا پانے کے لیے سیاسی روابط تیز کرنے اور عید کے بعد اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بھی خبر سامنے آئی تھی کہ اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں پھر فاصلے بڑھنے لگے ہیں۔
بلاول بھٹو مسلم لیگ ن کی قیادت کے رویے سے مایوس ہوگئے ہیں جب کہ ن لیگ کی قیادت پیپلز پارٹی سے رابطوں سے گریزاں ہے۔