دنیا
Time 22 جولائی ، 2020

امریکا کا ہیوسٹن میں موجود چینی قونصل خانے کو 72 گھنٹے میں بند کرنے کا حکم

 امریکا نے چین کو  ہیوسٹن میں موجود قونصل خانہ 72 گھنٹے میں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیوسٹن میں موجود چینی قونصل خانے کی بندش کے احکامات امریکی تحقیقات اور نجی معلومات کے تحفظ کے لیے دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب چین نے ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کی بندش کے امریکی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے یک طرفہ سیاسی اشتعال انگیزی قرار دے ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ  ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کی بندش بین الاقوامی قوانین، بنیادی اصولوں اور امریکا چین قونصلر معاہدے سے متعلق شقوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

چین کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام امریکا چین تعلقات خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے، امریکی غلطیاں درست نہ ہوئیں تو چین ضروری اور مناسب جواب دے گا۔

خیال رہے امریکا اور چین کے درمیان حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات اور ہانگ کانگ کے معاملے پر تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکا کا چینی ہیکرز پر کووڈ 19 کی ویکسین چوری کا الزام

حال ہی میں امریکا کے محکمہ انصاف نے چین کے دو شہریوں پر امریکا اور دیگر ممالک میں سیکڑوں کمپنیوں کی کووڈ 19 ویکسین پر ریسرچ اور مواد چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکا میں دونوں چینی باشندوں پر کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق مواد چوری کرنے کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان ڈیمرز کا کہنا ہے کہ 34 سالہ لی شیاؤیو اور 33 سالہ ڈونگ جیاژی نے امریکا، چین اور ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا۔

مزید خبریں :