22 جولائی ، 2020
ساؤتھ ایشین گیمز کی میڈلسٹ پاکستان کراٹے ٹیم نے اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر انعامی رقم کا کچھ حصہ رضاکارانہ طور پر اپنےکوچ کو دے دیا۔
خیال رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے گزشتہ برس کٹھمنڈو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو نقد انعام دیے تھے لیکن کوچز کو انعام نہیں دیا گیا تھا اور اس حوالے سے کئی حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے گئے لیکن پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا تھا کہ اسپورٹس پالیسی کے مطابق صرف کھلاڑیوں کو نقد انعام دیا گیا ہے۔
پاکستان کراٹے ٹیم نے ساؤتھ ایشین گیمز میں 6 گولڈ، 8 سلور اور 5 برانز میڈلز جیتے تھے ۔
مجموعی طور پر 19 میڈلز جیتنے والی پاکستان کراٹے ٹیم نے قابل ستائش فیصلہ کرتے ہوئے اپنے کوچ شاہ محمد شان کو اپنی انعامی رقم کا کچھ حصہ دینے کا فیصلہ کیا۔
میڈلسٹ ایتھیلٹس نے انعامی رقم میں 6 فیصد حصہ کوچ کےلیے اکٹھا کیا اور مجموعی رقم ساڑھے 7 لاکھ روپے بنی، جب کہ پاکستان کراٹے فیڈریشن کی جانب سے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا ہے۔
پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر نے کھلاڑیوں کے اس عمل کو خوب سراہا ہے۔