26 جولائی ، 2020
پاکستان مقررہ مدت سے پہلے ہی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بین الاقوامی ادارے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ا نہوں نے لکھا کہ ’آلودگی کے تدارک اور ماحولیاتی تغیر کے مہلک اثرات سے بچاؤ کے پیشِ نظر پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے لیے کی جانے والی اپنی کاوشوں پر فخر ہے۔‘
شیئر کردہ ویڈیو میں آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستانی کوششوں کو دکھایا گیا ہے اور اسے قبل ستائش قرار دیا گیا ہے۔
ویڈیو میں بین الاقوامی ادارے نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان نے ترقی یافتہ ممالک امریکا اور برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دس سال قبل ہی ہدف حاصل کر لیا ہے۔
بین الاقوامی ادارے کے مطابق پاکستان نے ہدف حاصل کر کے خود کو ایک ایسا ملک ثابت کیا جو عالمی کوششوں میں سنجیدگی کے ساتھ پرعزم ہے اور جن کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔
ویڈیو میں بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہداف کو 10 سال پہلے مکمل کرلیا اور پاکستان تیزی سے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا مقابلہ کررہا ہے۔
ویڈیو میں بتایا کہ پاکستان نے اربوں درخت لگا کر ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کیا، ابپاکستان کلین انرجی، الیکٹرک گاڑیوں کی طرف جا رہا ہے، پاکستان گرین جابز سامنے لارہا ہے۔
علاوہ ازیں ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان کے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب اور دیگر اقدامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے دیے گئے پائیدار ترقی کے سترہ اہداف پر عملدرآمد کی ڈیڈلائن 2030 ہے لیکن پاکستان نے 10 سال پہلے یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس وزیراعظم عمران خان نے 22 جنوری کو عالمی اقتصادی فورم میں خصوصی خطاب کیا تھا اور ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو اجاگر کیا تھا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر وزیر اعظم کی عالمی سطح پر خوب پزیرائی ہوئی تھی۔