پاکستان
Time 27 جولائی ، 2020

'بارش میں ڈوبے کراچی اور متاثرین کی بیچارگی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے'

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کی حالت زار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

وسیم اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بارش میں ڈوبے کراچی کی ویڈیوز اور متاثرین کی بیچارگی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ شہر کو ایک بار پھر ڈوبا دیکھنے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا بارش میں ڈوبے کراچی کی یہ حالت ہمیں نیند سے جگانے کی گھنٹی ہے؟۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ کراچی میں نکاسی آب حل طلب مسئلہ ہے، ہمیں اپنے خوبصورت شہر کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہوگا۔

دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم کے ٹوئٹ پر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے پڑوسی وسیم اکرم کو دعوت دیتا ہوں کہ میرے ساتھ شہر کا دورہ کریں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وسیم اکرم کراچی کی سڑکوں کا جائزہ لیں اور  دیکھیں کس طرح پانی کا نکاس کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم  اگر آپ مخلص ہیں تو شہر کا دورہ ضرور کریں گے اور اگر  آپ نے سنی سنائی باتوں پر بیان دیا ہے تو آپ سے زیادہ غیر ذمہ دار کوئی نہیں ہے۔

ناصر حسین شاہ  نے مزید کہا کہ وسیم اکرم کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے عوام کو مایوس کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 موسلادھاربارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا اور گاڑیاں بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،گلستان جوہر بلاک 12 میں پانی جمع ہونے سے کھڑی گاڑیاں ڈوب گئیں جب کہ اسکیم 33 میں واقع رہائشی سوسائٹی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔

یونیورسٹی روڈ اور ماڈل کالونی کی سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا اور نالوں کی صفائی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں گندا پانی سڑکوں پر آگیا تھا۔

مزید خبریں :