پاکستان
Time 27 جولائی ، 2020

بارش کے بعد کراچی میں 45 فیڈرز اب تک بحال نہیں ہو سکے: کے الیکٹرک

کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والے کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقوں کے 45 فیڈرز اب تک بحال نہیں ہو سکے ہیں۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ اور گلستان جوہر متاثر ہیں، بلدیہ میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے پر بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بن قاسم کے بھی بیشتر علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہے جب کہ  پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں چند بلاکس میں پانی کی نکاسی نہ ہونے سے بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے۔ 

اورنگی ٹاؤن اور کورنگی میں زیر  آب علاقوں میں بجلی کی سپلائی اب تک بند ہے جب کہ  سرجانی کے علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی اب تک معطل ہے۔ 

کے الیکٹرک کے حکام کا کہنا ہے ڈیفنس کے نشیبی علاقے کا ایک فیڈر ہی متاثر ہے  جب کہ  گلشن اقبال کے بھی ایک بلاک میں پانی جمع ہونے پر بجلی بند ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کے علاوہ کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی شہر کے بیشتر حصوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :