پاکستان
Time 27 جولائی ، 2020

تنقید کے بعد وفاق نے فضل الرحمان کے بھائی کی خدمات سندھ سے واپس لےلیں

وفاق نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کی خدمات سندھ سے واپس لے کر خیبر پختونخوا کو دے دیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے حال ہی میں کراچی کے ضلع وسطی (سینٹرل) میں ڈپٹی کمشنر تعینات ہونے والے ضیاالرحمان کی خدمات واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 کے افسر ضیاالرحمان کی خدمات خیبر پختونخوا حکومت کو واپس کردی گئی ہیں اور حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

خیال رہے کہ اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے 22جنوری 2020ءکو ضیاالرحمان کی خدمات ڈیپوٹیشن پرسندھ حکومت کو دی تھیں۔

سندھ حکومت نےگذشتہ دنوں ضیا الرحمان کو فرحان غنی کی جگہ  ڈپٹی کمشنر سینٹرل تعینات کیا تھا جس کے بعد سندھ حکومت کو  مخالفین کی تنقید کا سامنا تھا اور متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کراچی نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب  خیبرپختونخوا حکومت نے بھی  اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ کر  ضیا الرحمان کی خدمات واپس مانگی  تھیں، ضیا الرحمن کا تعلق پرووینشل منیجمنٹ سروس خیبر پختونخوا سے ہے۔

مزید خبریں :