28 جولائی ، 2020
کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اورنگی ٹاون، ناظم آباد، ملیر اور شارع فیصل پر ہلکی بارش ہوئی ہے اور بعض علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔
بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے جب کہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مون سون کے تیسرے اسپل میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور دو دن مسلسل بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں 10 افراد جاں بحق بھی ہوگئے۔