پاکستان
Time 29 جولائی ، 2020

وزیراعظم کی چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو کراچی جانے کی ہدایت کردی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت کی ہے اور انہیں بارشوں کے بعد کراچی کی صفائی کاٹاسک دیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

گورنر سندھ نے وزیر اعظم کوکراچی میں حالیہ بارشوں سے ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو کراچی میں برساتی نالوں پرتفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی، کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی مون سون بارشوں میں کراچی کے بالے اوور فلو ہوگئے تھے اور نالوں کے ساتھ ملحقہ آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :