دنیا
Time 30 جولائی ، 2020

مقبولیت میں تنزلی کا شکار ڈونلڈ ٹرمپ کا صدارتی انتخاب مؤخر کرنے کا اشارہ

مقبولیت میں تنزلی کا شکار امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب مؤخر کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔

ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انتخاب کو اس وقت تک مؤخر کیا جانا چاہیےجب تک لوگ محفوظ طریقے سے ووٹ نہ دے سکیں۔

خیال رہے کہ رواں سال 3 نومبر کو امریکا میں 59 واں صدارتی الیکشن ہونا ہے لیکن کورونا وائرس کے باعث انتخاب کے بروقت انعقاد پر شکوک شبہات پائے جاتے ہیں اور ڈاک کے ذریعے پولنگ کی بھی تجویز ہے۔

ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے سے 2020ء کے امریکی انتخاب سب سے زیادہ فراڈ اور غیر شفاف ہوں گے اور امریکا کے لیے شرمندگی کی وجہ بنیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس ووٹنگ میں غیر ملکی اثرو رسوخ کی بات کرتے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ غیر ممالک کی جانب سے انتخابات پر اثر انداز ہونے کا آسان راستہ ہے۔

واضح  رہے کہ تقریباً نصف امریکی ریاستیں  ووٹرز کو ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اجازت دیتی ہیں۔

ٹرمپ کی جانب سے صدارتی انتخاب مؤخر کرنے کی تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب  انہیں اپنے صدارتی حریف جوبائیڈن کے مقابلے میں مقبولیت کے حوالے سے خفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور متعدد سروے کے نتائج جوبائیڈن کی مقبولیت کو ظاہر کررہے ہیں۔

ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کی بڑی وجہ کورونا وبا کے دوران ان کی ناقص پالیسیاں بتائی جاتی ہیں۔

مزید خبریں :