01 اگست ، 2020
راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بڑی عید پر ہمیں بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لیاقت باغ راولپنڈی میں نماز عید ادا کی جہاں سیکیورٹی کےسخت انتظامات تھے۔
نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بڑی عید پر بڑی احتیاط کی ضرورت ہے، میری حالت کورونا کے بعد ابھی تک بہتر نہیں ہو سکی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، ہم مانتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی ہوئی ہے لیکن عمران خان حالات بہتر کرنا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی آٹا امپورٹ کر کے اس پر سبسڈی دیں گے، یوٹیلٹی اسٹورز کا اسکینڈل آگیا تو عمران خان انہیں معاف نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو لوٹا وہ چاہتے ہیں کہ نیب کے قانون میں ترمیم ہو، نیب کے قانون میں ترمیم کرنے والا عمران خان آخری شخص ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن تین چار مہینے ضرور شور شرابا کرے گی، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو مولانا صاحب یہ پرانا وقت نہیں ہے، اپوزیشن سمجھ لے کی عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف سے اُمید ہےکہ وہ تدبرکا مظاہرہ کریں گے جب کہ بلاول روزانہ پریس کانفرنس کرے، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بلاول کی باتیں بچگانہ ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنی جان پر لاک ڈاؤن سہہ رہے ہیں، پاکستان کے سائنسدانوں نے کورونا کے حوالے سے کچھ بنا رکھا ہے، لیکن بھارت نیست و نابود ہو جائے گا۔