دنیا
Time 02 اگست ، 2020

بھارت: ایک روز میں کورونا کے 54 ہزار سے زائد ریکارڈ کیسز سامنے آگئے

فائل فوٹو

بھارت میں ایک روز میں کورونا کے ریکارڈ 54 ہزار مریض سامنے آگئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ہفتہ اور اتوار کے روز صرف دو دن میں کورونا کے ریکارڈ ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں ایک دن میں سب سے زیادہ 54 ہزار 735 کیسز سامنے آئے جس سے بھارت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 17 لاکھ 50 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 853 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 37 ہزار 364 تک جا پہنچی ہے جب کہ 11 لاکھ 45 ہزار سے زائد مریض اب تک صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں ایکٹو کیسز کی تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہے اور ہلاکتیں 15 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں جب کہ ریاست میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 31 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں۔

اس کے علاوہ ریاست تامل ناڈو میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جہاں کورونا کی کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جہاں صرف جولائی میں کورونا کے ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد ہے اور تقریباً 4 ہزار افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :