03 اگست ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بوریت کاشکار نہیں ہو ئے، وہ فریش ہیں اور میدان میں کھیلنے کے منتظر ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز بدھ سے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں ہو رہا ہے جہاں ان دنوں پاکستان ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔
ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ویڈیو لنک پر میڈیا کے سوالات کے جواب دیے ۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے تین ماہ سے زائد کھلاڑی کھیل کی سرگرمیوں سے دور رہے ، یہ ایسے ہی تھا جیسے زیرو سے شروع کرنا ہے ۔ اس لیے جب یہاں انگلینڈ آکر ٹریننگ کا آغاز کیا تو یہ شاندار رہا، ایک ماہ سے زائد ہو گیا ہے کہ سب اکٹھے ہیں ، جو کہ ٹیم بائنڈنگ کے لیے بھی اچھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تیاریوں سے مطمئن ہیں، بس اب ان تیاریوں کو میدان میں لےکر جانا ہے اور اچھا پرفارم کرنا ہے اور مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھا بھی کھیلے گی ۔
مصباح الحق نے کہا کہ مانچسٹر کی پچ ویسی ہی ہے جیسی کہ ویسٹ انڈیز انگلینڈ میچ کی تھی۔ پہلے روز سے ہی اسپن نظر آرہا تھا، ہم بھی بغور جائزہ لے رہے ہیں دو اسپنرز کو کھلایا جانا بھی زیر غور لایا جا سکتا ہے لیکن ابھی وقت ہے، پچ اور کنڈیشنز کو مزید دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ موجودہ صورتحال میں کھلاڑی دماغی طور پر تھکاوٹ کا شکار ہو ئے ہیں، ہمیں ایسا احساس بھی نہیں ہوا کہ کھلاڑی بوریت کا شکار ہوئے ہوں ، سب کھلاڑی فریشں ہیں اور میدان میں اترنے کے لیئے منتظر ہیں ۔
"ایسا ضرور ہے کہ جب آپ لمبے عرصے کے بعد کھیلتے ہیں تو کچھ نروس نس آجاتی ہے لیکن جب میچز شروع ہوں گے تو یہ نروس نیس بھی ختم ہو جائے گی۔ میں نے اور یونس خان نے کھلاڑیوں سے یہی کہا ہے کہ وہ غیر ضروری دباو مت لیں ، کھلاڑیوں کو بس گراونڈ جا کر سو فیصد دینا ہے ، تمام کھلاڑی اچھا پرفارم کرتےہو ئے آ رہے ہیں ، بیٹنگ لائن اپ اچھی شیپ میں اور پر اعتماد دکھائی دے رہی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ بابرا عظم کی کامیابی کی وجہ یہ ہے کہ وہ چیلنج لیتے ہیں، کپتان بننے کے دباؤ کے باوجود ان کی پرفارمنس اچھی جا رہی ہے ۔
مصباح الحق نے کہا دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائن اپ کا بھی مقابلہ ہو گا، ٹاپ آرڈر کا اچھا پرفارم کرنا اہم ہو گا، انگلینڈ کی بولنگ تجربے میں تو اچھی ہے لیکن پاکستان کے بولروں میں پوٹینشل ہے اور ان کے پاس اچھا پرفارم کرنے کا موقع موجود ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ میں یہ نہیں سوچتا کہ یہ سیریز جیت جاؤں گا تو میرے لیے اچھا ہو گا، ہمارا مقصد ٹیم کو بہتری کی طرف لے جانا ہے، دو عہدوں کے حوالے سے بھی بات بعد میں کرنا مناسب ہو گا کیونکہ ابھی سیریز پر فوکس کرنا ہے ۔
ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ ٹیسٹ سے قبل 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کل کیا جائے گا، پلئینگ کمبی نیشن ذہن میں تو ہے لیکن ابھی مزید اس حوالے سے دیکھیں گے ۔