وفاقی کابینہ کا تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو یوم استحصال کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور اس دوران ارکان کا کہنا تھا کہ بھارت نےغیرقانونی طور پر کشمیرکی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی لہٰذا کشمیر میں بھارتی مظالم کا عالمی برداری کو نوٹس لینا چاہیے۔

کابینہ ارکان نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

کابینہ کو کورونا کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر کابینہ نے ملک میں کورونا کیسز کم ہونے پراطمینان کا اظہارکیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سیما کامل کی ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تقرری اورپاکستان کے سرکاری نقشے کی تیاری اوراجراء کی بھی منظوری دی۔

ذرائع نے بتایا کہ کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کی تنظیم نو اور پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر سروسز کے چیئرمین کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کا تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ

دوسری جانب کابینہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام نے شہریوں کے ٹیکس ریکارڈ پر بریفنگ دی۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے تمام پاکستانیوں کا ٹیکس ریکارڈ پورٹل پر ڈالنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ایف بی آر حکام کو فوری طور پر پورٹل بنانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پورٹل پرکابینہ ارکان، ارکان پارلیمنٹ، بزنس کمیونٹی کا ٹیکس ریکارڈ ڈالا جائے۔

وزیراعظم نے پورٹل پر عام ٹیکس دہندگان کے ٹیکس کی تفصیلات بھی سامنے لانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :