04 اگست ، 2020
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کی مشہور لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے لیے ڈیڈ لائن دے دی۔
گزشتہ دنوں امریکی صدر نے چینی ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر جاسوسی کا الزام عائد کرتے ہوئے پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا تاہم امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ بھی ٹک ٹاک ایپ خریدنے کے لیے چینی کمپنی سے بات چیت کررہی ہے۔
اب اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ٹک ٹاک پر مشروط پابندی کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ مائیکرو سافٹ کے سربراہ کو فون پر واضح کردیا تھا کہ ٹک ٹاک کی خریداری پر امریکا کو ملک میں ہونے والے ٹک ٹاک آپریشنز کی قیمت کا 'خاطر خواہ حصہ' ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک کا امریکی یونٹ کسی امریکی فرم کو نہیں بیچا گیا تو اسے بند کردیں گے، اگر 15 ستمبر تک کوئی معاہدہ نہ ہوا تو امریکا میں ٹک ٹاک ایپ پر پابندی لگادیں گے۔
ٹرمپ کی جانب سے چینی کمپنیوں کے خلاف اقدام کے بعد ایپ کی ملکیتی کمپنی بائٹ ڈانس پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹک ٹاک سمیت دیگر چینی سوشل میڈیا ایپس پر پابندی لگانے کا عندیہ دیا تھا اور بھارت کی جانب سے چینی ایپ پر عائد پابندی کی حمایت کی تھی۔