Time 06 اگست ، 2020
پاکستان

پشاور بی آر ٹی منصوبے میں غلطیاں ہوئیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا اعتراف

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے میں غلطیاں ہوئیں اور کام خراب ہوگیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے تسلیم کیا کہ  بی آر ٹی منصوبے میں غلطیاں ہیں لیکن معاملہ سیاسی بنادیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کے کامیاب منصوبوں کی بات نہیں ہوتی، بی آر ٹی پر سیاست کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتے ہیں ہم سے غلطی ہوئی، اسے بہتر طریقے سے کیا جاسکتا تھا۔

شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ ایک کام غلط ہوگیا،لیکن  سیاسی طور پر اس ایشو کو اتنا اٹھا لیا گیا، 10 میں سے 9 چیزیں ٹھیک ہوئی تھیں ایک خراب ہوئی۔

یاد رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود اب تک مکمل نہیں ہوسکا۔

اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھاجب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

5 دسمبر 2019ء کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آرٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا۔

مزید خبریں :