کھیل
Time 09 اگست ، 2020

پاکستان میں دنیا کے سب سے منفرد کرکٹ گراؤنڈ کے چرچے

میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کرکٹ گراؤنڈ اور کرکٹ کے لیے ایسا جنون آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا: شعیب اختر—اسکرین گریب

 پاکستانی کرکٹ  کے اتنے شوقین ہیں کہ بس بال اور  بلا مل جائے پھر وہ کہیں بھی کرکٹ کھیلنے کی جگہ ڈھونڈ لیتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاکر عباسی نامی صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں مقامی لوگوں کو عید کے موقع پر ہونے والے کرکٹ میچ کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ لکھا کہ ’میں یہاں ایک ایسا منفرد گراؤنڈ دکھانے جا رہا ہوں جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہو گا۔‘

صارف نے اپنی ٹوئٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ ویڈیو آخر تک لازمی دیکھیں تاکہ آپ کو پاکستانیوں کے کرکٹ کے لیے جذبات کا پتہ چل سکے۔‘

شاکر عباسی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی سطح پر ایک میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں کھیلنے والی ٹیم کو 3 گیندوں پر 4 رنز چاہیں اور آخر میں بیٹسمین چوکا لگا کر میچ اپنے نام کر لیتا ہے۔

میچ کے فیصلے کے بعد دور پہاڑیوں پر میچ سے لطف اندوز ہونے والے کرکٹ شائقین جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دینے اور خوشی منانے جب کہ ہارنے والی ٹیم کے سپورٹرز بھاگتے دوڑتے میچ کے مقام پر پہنچتے ہیں اور خوشی کا اظہار مقامی انداز میں کرتے ہیں۔

صارف نے لکھا کہ ایسا نظارہ کرکٹ شائقین نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ کی جانب سے شیئر کی جارہی ہے، ویڈیو شیئر کرنے والوں میں اور اسے وائرل کرنے میں مشہور و معروف شخصیات بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تبصرہ کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے لکھا کہ ’میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کرکٹ گراؤنڈ اور کرکٹ کے لیے ایسا جنون آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔‘

رمیز راجہ نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد  چوہدری نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا اور لکھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے جس طرح کا جنون پایا جاتا ہے اس کی کوئی مثال نہیں۔


مزید خبریں :