12 اگست ، 2020
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ روز اپنی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیو جاری کردی۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنی گاڑی کی ویڈیو جاری کی اور کہا کہ بلٹ پروف گاڑی ان کی نہیں بلکہ ان کے والد میاں نوازشریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری گاڑی پر ہر طرف سے پتھروں سے حملہ کیاگیا، جس طرح گاڑی کو نقصان پہنچا یہ پتھروں سے کچھ زیادہ تھا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں سلام پیش کرتی ہوں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو جنہوں نے میری طرف آنے والے پتھروں کے لیے اپنے سینے آگے کیے، لاٹھی چارج برداشت کی اور اب قید و بند برداشت کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ تشدد بھی آپ پر ہوا گرفتار بھی آپ ہوئے، اس ظلم و اندھیر نگری کا جواب اُن کو دینا پڑے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے مریم نواز کو اراضی کیس کے سلسلے میں طلب کیا تھا اور ان کی پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنان کی بڑی تعداد بھی نیب دفتر کے باہر پہنچی جہاں پولیس اور لیگی کارکنان کے درمیان تصادم سے علاقہ میدان جنگ بن گیا جب کہ اس دوران پتھراؤ سے مریم نواز کی گاڑی شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔
پولیس کے مطابق ن لیگی کارکن گاڑی میں پتھر لے کر آئے ،ن لیگ کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
نیب لاہور کے باہر پتھراؤ،لاٹھی چارج ،نعرے ،شیلنگ اور بد نظمی کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازپراپرٹی کیس میں بیان ریکارڈ نہ کراسکیں۔