Time 13 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی کیلئے آئینی آپشنز کیا ہیں؟ اٹارنی جنرل پارلیمنٹ میں وضاحت دیں، پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی نے اٹارنی جنرل کو کراچی کے لیے آئینی آپشنز کے بیان پر وضاحت کے لیے پارلیمنٹ طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

 پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل کے کراچی کے حوالے سے  آئینی آپشننز کا جواب دے ،اٹارنی جنرل کی وزیراعظم سے کیا بات ہوئی جو چیف جسٹس سے بھی مخفی رکھی گئی۔

نیئر بخاری کاکہنا ہے کہ آئین میں ہر ادارے کی حدودوقیود کا تعین وضاحت اور صراحت سے درج ہے، وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف اقدام عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ہنگامی صورت حال میں ہرجگہ مدد کرنا  ذمہ داری اور فرض ہے، ملک کے معاشی مرکزکراچی سے وفاق کوسب سے زیادہ ریونیو حاصل ہوتا ہے،سندھ کے میگا پراجیکٹس کی عدم تکمیل کی وجہ وفاق سےفنڈزجاری کرنے میں تاخیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت اورسیاسی حکومتوں کی کارکردگی کے فیصلے عوامی عدالتوں سے ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نالوں پر تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس میں کہا تھا کہ کراچی کے حوالے سے وفاقی حکومت مختلف آئینی اور قانونی پہلوں کو سنجیدگی سےغور کررہی ہے جس کی تفصیل ابھی نہیں بتائی جاسکتی۔

مزید خبریں :