دنیا
Time 15 اگست ، 2020

امارات، اسرائیل معاہدہ ٹرمپ کو دوبارہ الیکشن جتوانے کیلئے کروایا گیا، ایرانی صدر

ایرانی صدر حسن روحانی کا کہناہےکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور  اسرائیل کے مابین  معاہدہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بار پھر صدارتی انتخاب جتوانےکے لیےکروایاگیاہے۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے پر اپنے ردعمل میں ایرانی صدر نے کہا ہے کہ امارتی حکمران سمجھتےہیں کہ اسرائیل سے تعلقات سے ان کی سیکیورٹی اور معیشت میں بہتری آئےگی، اماراتی حکام کایہ سمجھنا بالکل غلط ہے۔

حسن روحانی کا کہنا ہے کہ  یو اے ای کا اسرائیل سے معاہدہ بہت بڑی غلطی اور فلسطینی کاز سے غداری ہے،امید کرتےہیں کہ یواےای کواپنی غلطی کا احساس ہوگااور وہ اپنا راستہ بدلیں گے۔

اپنے بیان میں ایرانی صدر نے خبردار کیاکہ اسرائیل کو خطے میں قدم جمانےکا موقع نہیں دیا جائے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کیلئے امن معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت اسرائیل مزید فلسطینی علاقے ضم نہیں کرے گا، دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر روڈ میپ بنائیں گے۔

معاہدے کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات، اسرائیل سے دیگر مسلم ممالک سے بھی تعلقات قائم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس آکر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے۔

امارات اسرائیل امن معاہدے کے بعد فلسطین نے ابوظبی سے احتجاجاً اپنا سفیر واپس بلالیا ہے۔

محمود عباس نے یو اے ای سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کو واپس لے اور دیگر عرب ممالک فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کرتے ہوئے امارات کے نقش قدم پر مت چلیں۔

مزید خبریں :