Time 15 اگست ، 2020
کاروبار

مالی سال 20-2019 کے دوران ملکی درآمدات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں

ایک سال میں موبائل فون کی درآمدات میں 81.32 فیصداضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال موبائل فون کی درآمدات کا حجم ایک ارب 37 کروڑ ڈالر رہا: دستاویز— فوٹو:فائل

مالی سال 20-2019  کے دوران ملکی درآمدات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔

دستاویز کے مطابق ایک سال میں موبائل فون کی درآمدات میں 81.32 فیصداضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال موبائل فون کی درآمدات کا حجم ایک ارب 37 کروڑ ڈالر رہا جب کہ دالوں کی درآمدات میں 21.47 فیصد اضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال دالوں کی درآمدات 61 کروڑ 45 لاکھ ڈالررہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 2019-2020 میں ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات 49.90 فیصد کم ہوئیں جب کہ پیٹرولیم گروپ کی درآمدات بھی 27.84 فیصد کم ہوئیں، کیمیکل گروپ کی درآمد 16 فیصد اور میٹل گروپ کی درآمد 18.42 فیصد گریں۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال ٹیکسٹائل گروپ کی درآمدات میں 21.48 فیصد کمی ہوئی جب کہ گزشتہ مالی سال فوڈ گروپ کی درآمد میں 4.31 فیصد کمی ہوئی اور مشینری گروپ کی درآمدات 1.56 فیصد گرگئیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایک سال میں الیکٹریکل مشینری کی درآمدات 26.41 فیصد بڑھ گئیں اور ان درآمدات کا حجم 2 ارب 24 کروڑ 71 لاکھ ڈالرہوگیا۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال پیٹرولیم گیس کی درآمدات 17.63 فیصد بڑھ گئیں، پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 24.54 فیصد کمی ہوئی اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد4 ارب 74 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں خام پیٹرول کی درآمد میں 40.44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ گزشتہ مالی سال چائے کی درآمدات میں 6.81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور چائے کی درآمدات 53 کروڑ 28 لاکھ ڈالرزرہیں۔

گزشتہ مالی سال خشک میوہ جات کی درآمد میں 20.36 فیصد کمی ہوئی، خشک میوہ جات کی درآمدات 3 کروڑ 43 لاکھ ڈالر ڈالر رہیں جب کہ شیرخواربچوں کے دودھ کی درآمد میں 29.22 فیصد کمی ہوئی اور بچوں کےدودھ کی درآمدات کاحجم 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔

خیال رہے کہ مالی سال 20-2019  کی دوسری ششماہی میں ملک میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن رہا اور کئی صنعتوں کا پہیہ رک گیا تھا۔

مزید خبریں :