Time 21 اگست ، 2020
کھیل

انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کو تختہ مشق بنالیا

127 پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد زیک کرولی اور جوس بٹلر کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے پوزیشن مضبوط کرلی— فوٹو: آئی سی سی

پاکستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 332 رنز بناکر پوزیشن مستحکم کرلی۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز روری برنس اور ڈوم سبلے نے کیا تاہم 12 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے روری برنس کو پویلین کی راہ دکھادی، وہ صرف 6 رنز بناسکے۔

73 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گری جب ڈوم سبلے 22 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔

اس کے بعد کپتان جوئے روٹ 29 اور اولی پوپ صرف 3 رنز بناکر بالترتیب نسیم شاہ اور یاسر شاہ کا نشانہ بن گئے اور یوں انگلینڈ نے 127 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں۔

تاہم پانچویں وکٹ پر جوس بٹلر اور زیک کرولی کے درمیان شاندار 205 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس نے انگلینڈ کو مشکل سے نکال دیا۔

اس دوران زیک کرولی نے پہلے اپنی ففٹی، پھر سنچری اور پھر 150 رنز مکمل کیے جبکہ جوس بٹلر نے بھی نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں نے پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی کی اور مزید کوئی وکٹ گرنے نہ دی۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنالیے تھے جبکہ زیک کرولی 171 اور جوس بٹلر 87 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی تیسرے ٹیسٹ میں برقرار رکھا گیا ہے جب کہ انگلش ٹیم میں فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی دوبارہ واپسی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :