Time 21 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون کا پانچواں اسپیل

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون کے پانچویں اسپیل نے بارش برسانا شروع کردیا ہے۔

کراچی میں بارش کے دوران ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق بھی ہوگئے ہیں۔

کراچی کے علاقوں صدر ، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، یونیورسٹی روڈ ، صفورہ اور ایئر پورٹ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں گرج چمک کے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ ، نواب شاہ، میرپورخاص، تھرپارکر اور سانگھڑ میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سے زیادہ بارش

کراچی میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سے زیادہ بارش ہوئی، اب تک سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 170 ملی میٹر ریکارڈ کی جاچکی ہے،نیو کراچی میں 88 ملی میٹر ،ناظم آباد میں 85  ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے 85 ملی میٹر تک کی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

سڑکوں پر پانی جمع

کراچی کے مختلف علاقوں میں مون سون کے پانچویں اسپیل کی تیز بارش جاری ہے، پانی جمع ہونے سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ایم اے جناح روڈ ،کوریڈور تھری، میٹرول پول پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، گرومندر، مزارقائد چورنگی، پیپلز چورنگی پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق حسن اسکوائر ، راشد منہاس روڈ، نیپا کے قریب بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے، ٹریفک پولیس نے شہریوں سے بارش کے موسم میں سڑکوں پر احتیاط سے سفر کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

بلدیہ ٹاؤن میں ریلے کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، علاقہ مکینوں کو ایک بار پھر خراب صورتحال کا سامنا ہے۔

سخی حسن چورنگی پر نالہ ابل پڑا جس میں بارش کا پانی بھی مل گیا اور ہر طرف گندگی ہی گندگی پھیل گئی۔

بفرزون میں گٹھنوں گٹھنوں پانی جمع ہوگیا، مختلف شاہراوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر، کئی سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

بجلی غائب

اس کے علاوہ بارش ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے صبح سویرے سے ہی بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی کو جواز بناکر شہر بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا ہے اور بارش کے بعد تو کے الیکٹرک کو بجلی گھنٹوں بند رکھنے کا جواز مل گیا ہے۔

لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، سرجانی، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، شاہ فیصل ٹاؤن، گلستان جوہر، اولڈ سٹی ایریا، لیاری،کھارادر اور پی آئی بی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں شہریوں کی ہلاکت پر چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لیا تھا اور اس دوران چیف جسٹس نے شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کے سی ای او کی سخت سرزنش کی تھی اور شہر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن کے الیکٹرک نے ایک بار پھر کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج سے پیر تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :