23 اگست ، 2020
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترامیم کے لیے مسلم لیگ (ن) کا مجوزہ مسودہ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
مسودہ شیئر کرتے ہوئے شبلی فراز نے لکھا کہ کئی دنوں سے مسلم لیگ (ن) ڈیمانڈ کررہی تھی کہ این آر او کس نے مانگا، تو یہ ہیں وہ ذرائع اوردستاویزات جن کی وساطت سے این آر او مانگا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے ہربارمسلم لیگ (ن) کی قیادت نے قانون سے فرار کا راستہ اختیار کیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) قوانین میں اپوزیشن نے ترامیم تجویز کی ہیں جس پر حکومت کا مؤقف ہے کہ ان ترامیم کی آڑ میں اپوزیشن این آر او چاہتی ہے اور ہم این ار او نہیں دیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمد قریشی بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم نے اپوزیشن کو بتادیا ہے کہ ان کی دی گئی ترامیم تحریک انصاف کے لیے قابل قبول نہیں، نیب قانون میں ترامیم عوام کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کرنی ہیں، اپوزیشن کی ترامیم سے تو نیب قانون میں منی لانڈرنگ کا معاملہ ختم ہی ہوجائےگا اور احتساب کا ادارہ بے معنی ہوکر رہ جائے گا۔