26 اگست ، 2020
کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے شہر کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے، بیشتر علاقے ندی نالے کا منظر پیش کر رہے ہیں جب کہ کئی علاقوں میں تو بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
کراچی میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے قائد آباد کے اطراف کئی آبادیاں زیر آب آگئیں۔
ابراہیم گارڈن، ماروی گوٹھ، مدینہ کالونی، گلشن عباس، آفریدی کالونی اور یار محمد گوٹھ میں سیکڑوں گھر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جہاں بعض علاقوں میں 7, 7 فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے اور پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔
شہریوں نے رات چھتوں پر گزاری جب کہ پاک فوج، نیوی اور رینجرز کے اہلکاروں نے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا۔
سکھن ندی کا بند ٹوٹنے اور ملیر ندی کا قریبی علاقے میں پانی داخل ہونے سے بڑے پیمانے پر لوگوں کا مالی نقصان کا سامنا ہے جب کہ کورنگی کاز وے پر ریلے میں پھنسے چھ افراد کو بھی ایدھی رضاکاروں نے نکال لیا۔
بلوچ کالونی کے قریب دادا بھائی کالونی اور اس سے متصل علاقے میں ملیر ندی کا پانی داخل ہونے کے بعد وہاں پھنسے متاثرہ افراد کو نکالنے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے ریسکیو کا کام شروع کیا گیا اور پھنسے افراد کو کشتیوں کی مدد سے باہر لایا جا رہا ہے۔
متاثرہ علاقے کے افراد کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔
یو سی چئیرمین خرم شہزاد کا کہنا ہےکہ ملیر ندی کا دروازہ صحیح بند نہ ہونے کے باعث پانی دادا بھائی کالونی میں داخل ہوا، تاہم گیٹ سے پانی کے اخراج کو رات گئے روک دیا گیا اور مشینری پانی کے نکاسی کا کام کر رہی ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ دو جانب سے بند ٹوٹنے کے سبب ملیر میں کافی مسئلہ ہے، کوشش ہے کہ بند کی فوری مرمت کی جائے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ بند کی مرمت کے لیے پاک فوج بھی مدد کر رہی ہے۔
طوفانی بارش کے باعث نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک بھی زیر آب آگئے جس کے باعث ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے اور محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے۔
کراچی میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے پہلے شہر کی بیشتر مرکزی شاہراہوں سے پانی اتر گیا۔
شارع فیصل، راشد منہاس روڈ سے بارش کے پانی کا نکاس کر دیا گیا۔ ناگن چورنگی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن سے بھی بارش کے پانی کا نکاس کر دیا گیا۔
میٹروپول اور نیو ایم اے جناح روڈ، شاہراہ پاکستان، لیاقت آباد اور ناظم آباد سے بھی بارش کے پانی کا نکاس کر دیا گیا ہے تاہم ائیر پورٹ سے قائد آباد تک ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔