’جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے‘

فائل فوٹو: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے لہٰذا  جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میری بات مانتے تو نواز شریف کو جانے ہی نہ دیتے اور ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ نواز شریف فراڈ کرکے بیرون ملک گئے لہٰذا جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے نوازشریف کے معاملے میں تاخیر ہوئی ہے، ان کی واپسی پر لائحہ عمل فروغ نسیم اور اور شہزاد اکبر بنائیں گے، نواز شریف سے ذاتی لڑائی نہیں ہے، صرف جو پیسے باہر گئے وہ واپس آنے چاہئیں، کابینہ نے نواز شریف کے لندن جانے سے قبل کہا تھا 2.7 ارب روپے کی گارنٹی رکھی جائے، پہلے کیس میں نواز شریف 2.7 بلین واپس کر دیں پھر چاہے لندن جائیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے نواز شریف کی رپورٹس کی بنیاد پر باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، مسئلہ ڈاکٹرزکا نہیں مسئلہ رپورٹ کا ہے کہ وہ کیسے بنیں لیکن اب تو نوازشریف ٹھیک ہیں اور گھوم پھر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اتنی اہم تھوڑی ہیں کہ انہیں کابینہ میں زیر بحث لایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے میں ایک ہی آدمی سنجیدہ ہے اور وہ فضل الرحمان ہیں، جب سے مولانا فضل الرحمان کی دیہاڑی بند ہوئی وہ ہر دروازے پر جلسہ لے کر پہنچ جاتے ہیں، کوئی آدمی مولانا اور ان کے گروپ کا لیڈر بننے کو تیار نہیں لہٰذا ان کو چاہیے کہ وہ دو سال مزید صبر کر لیں ابھی وہ نوجوان ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں گورننس کے مسائل وزرائے اعلیٰ کی وجہ سے ہیں، وزرائے اعلیٰ اگر نیند سے نہیں جاگے تو پاکستان کا بہت نقصان ہوگا، صوبوں میں جو خرچ کیاگیا کوئی ان سے حساب تو لے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف سے نکلنا پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے، اپوزیشن کی اپنی منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان ایف اے ٹی ایف میں گیا، پاکستان سے پیسے کمائیں اور باہر بھیج دیں اور کوئی پوچھے بھی نا، یہ ممکن نہیں، اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ یہ قوانین پاکستان کے لیے ضروری ہیں۔

مزید خبریں :