26 اگست ، 2020
کراچی میں رواں ہفتے کی بارش میں سوشل میڈیا پر بھی جعلی خبروں کی برسات رہی اور سوشل میڈیا پر کسی نے بھارت کے مگرمچھوں کو کراچی پہنچا دیا تو کسی نے بنگلا دیش کی مچھلیوں کو حب ڈیم کی قریبی بستیوں میں پہنچادیا۔
کراچی میں رواں ہفتے کی بارش میں سوشل میڈیا پر بھی خوب جل تھل ہوا، ہر ایک نے اپنی مرضی کی ٹپ ٹپ کی، جعلی خبروں کا مصالحہ لگا کر کراچی والوں کو کبھی گھبرایا تو کبھی ڈرایا گیا تو کبھی طنزیہ پوسٹس اپ لوڈ کی گئیں۔
مگرمچھوں کی ویڈیو بھارت کے شہر ودودارا کی ہے لیکن بغیر تصدیق کے ان مگرمچھوں کو کراچی پہنچایا گیا اور سوشل میڈیا پر وائرل کرکے شہریوں کو خوف زدہ کیا گیا۔
کوئی بنگلا دیش میں آئے سیلابی ریلے کو حب ڈیم کی قریبی بستییوں تک لے آیا تو کسی نے ویڈیو میں انداز گفتگو کو بھی نہ پہچانا اور سوشل میڈیا پر کراچی کے نام سے یہ مچھلیاں ہاتھوں ہاتھ بکتی رہیں۔
اس پر بھی بس نہیں ہوئی اور حالیہ بارشوں میں سرجانی ٹاؤن کی حالت زار کو بھی نہیں بخشا گیا، بھارت کے شہر ممبئی کی ایک ویڈیو میں سے اصل آڈیو نکال کر اس پر ڈبنگ کردی گئی۔
چند کلکس اور ری ٹوئٹس کے لیے سچ کو جھوٹ بنانا سوشل میڈیا کی اکثریت کا وطیرہ بن چکا ہے، جیسے ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی تو ویسے ہی سوشل میڈیا پر ہر بات درست نہیں ہوتی۔
تاہم ایسے میں سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے کراچی میں بارش کی وہ ویڈیوز بھی دکھائیں جو اصل صورت حال کی عکاسی کررہی تھیں۔