کراچی میں بارش کے بعد جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، سبزی منڈی میں سبزیاں سڑنے سے تعفن

کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے بعد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں ہیں جب کہ  ڈیفنس میں خیابان بخاری کمرشل ایریا اور خیابان سحر سمیت کئی علاقوں میں پانی تاحال جمع ہے۔

نیا ناظم آباد میں نیوی اور آرمی کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور بارش کے پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔

ادھر سخی حسن قبرستان میں متعدد قبروں کے نام و نشان تک مٹ گئے ہیں جب کہ کیچڑ اور گندگی سے کراچی سبزی منڈی کا برا حال ہے، سبزی اور پھل گل سڑ گئے ہیں جس سے علاقے میں بدبو اور تعفن پھیلنے لگا ہے۔

دوسری جانب کلفٹن اور ڈیفنس کے کئی علاقوں میں 4 دن سے بجلی غائب  ہے جب کہ پرانا گولیمار ندی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

عوام کی تکلیف کا احساس ہے: وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کھارادر کا دورہ کیا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کھارادر میں بارش کے بعد گٹر چوک ہو گئے ہیں، واٹر بورڈ اور کے ایم سی کی 20 گاڑیاں پانی صاف کر  رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی تکلیف کا احساس ہے، تکلیف پر علاقہ مکینوں سے معذرت خواہ ہیں، کوشش ہے کہ شام تک سارا علاقہ کلیئر ہو جائے۔

موبائل فون اور  انٹرنیٹ سروس معطل، شہریوں کو مشکلات 

کراچی میں شدید بارشوں اور بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے موبائل فون سروس تعطل کا شکار ہے جب کہ کچھ علاقوں میں نیٹ ورک بحال کر دیا گیا ہے۔

موبائل فون اور  انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ایک دوسرے سے رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 دوسری جانب لازمی خدمات کے دفاتر کو فیلڈ اسٹاف سے رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ کئی بینکوں کی اے ٹی ایم اور پیٹرول اسٹیشنز  پر فیول کارڈ سروس بھی معطل ہے۔

مزید خبریں :