شہباز شریف کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کو تعاون کی پیشکش

متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں: شہباز شریف— فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت کو تعاون کی پیشکش کردی۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ طوفانی بارشو ں اور سیلاب کی صورتحال پر قوم خصوصی نوافل ادا کرے اور اللہ تعالیٰ سے دعائیں کی جائیں تاکہ بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ رکے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات گہرے دکھ اور رنج کا باعث ہیں، اہل پاکستان جہاں جہاں اور جس جس طرح بھی متاثر ہوئے ان سے ہمدردی ہے۔

شہباز شریف نے سیلاب اوربارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پارٹی عہدیداران، منتخب نمائندے اور کارکنان متاثرین کی مدد میں پیش پیش رہیں، ہنگامی حالات سے دوچار پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپوزیشن ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بتایا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف عوام سے یکجہتی کے لیے کراچی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف ایک روزہ دورے پر بدھ 2 ستمبر کو کراچی پہنچیں گے جہاں وہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں اور ممتاز سماجی کارکن فیصل ایدھی سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ 27 اگست کو ہونے والی بارش کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے جس میں سرجانی ٹاؤن، ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بارش کے بعد شہر کے نالے اوورفلو ہوگئے تھے اور کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا، بارش کی وجہ سے شہر بھر کی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جنہیں نئے سرے سے تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :