02 ستمبر ، 2020
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی کراچی میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی کراچی میں ملاقات ہوئی جس میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کےلیے مختلف آپشنز زیر غور آئے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے ان ہاؤس تبدیلی کی تجویز دی اور کہا کہ حکومت کے خاتمے کے لیےان ہاؤس تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں شہباز شریف اور (ن) لیگ نے تجویز دی کہ عمران خان کی حکومت کو ابھی مزید کام کرنے دیا جائے، یہ عمران خان اپنے بوجھ سے گریں تو بہتر ہوگا، یہ حکومت جتنی دیر رہے گی مزید بدنام ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی بجائے نئے انتخابات کی طرف جانا چاہیے ، ان ہاؤس کی بجائے عبوری سیٹ اپ آئے جو نئے الیکشن کرائے۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں آئندہ حکومت ن لیگ کی بنانے کا اشارہ دیا اور کہا کہ آپ اس وقت سنگل لارجسٹ پارٹی ہیں، ان ہاؤس تبدیلی کےلیے قیادت کریں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں حکومت کے خاتمے، طریقہ کار اور آپشن کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں احتساب کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی اور شرکاء کی مشترکہ رائے ہے کہ ہم نے تو بھگت لیا ہے، اب عمران خان تیاری کرے۔
پی پی اور لیگی اعلیٰ قیادت نے ملاقات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو سرے سے ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا جب کہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کرے گی۔
اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات میں سابق صدر آصف زرداری نے تواضع سے متعلق بتایا تو قہقہے بھی لگے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے بتایا کہ یہ کھانے پینے کی ساری چیزیں گھر پر تیار کی گئی ہیں، دودھ بھی گھرکے جانوروں کا ہی ہے، اس پر شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ پھر تو یہ اُونٹنی کا ہے جو آپ شوق سے پیتے ہیں۔