03 ستمبر ، 2020
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی جس میں تمام اپوزیشن لیڈر شرکت کریں گی۔
اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کیلئے 20 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔
آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ اجلاس کے بعد رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم خان درانی نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد ملکی ضرورت ہے، آج ایک ہی بات طے کی ہے کہ اپوزیشن کا کوئی اختلاف نہیں، آج تمام تمام جماعتیں حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے متفقہ طور پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کو تیار ہیں۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنے، کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے ایجنڈے اور مستقبل پر غور کیا گیا۔
اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کے کنوینر اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اکرم درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حکومتی اتحاد چھوڑنے والی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل بھی شریک ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے درمیان میثاق جمہوریت کی طرح نئے میثاق کے نام پر بھی غور کیا گیا۔