04 ستمبر ، 2020
سویڈن اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کےمختلف شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مظاہرین نے ذمہ داروں کے خلاف ان کی حکومتوں سے عالمی قانون کے تحت سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کراچی میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے احتجاج کیا گیا جبکہ تحریک لبیک ناموس رسالت مارچ تبت سینٹر سے پریس کلب تک نکالا گیا۔
مظاہرین نے گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف ان کی حکومتوں سے عالمی قانون کے تحت سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں تحریک لیبک پاکستان نے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی۔ سکھر میں جمعیت علمائے پاکستان نے احتجاجی ریلی نکالی۔ مجلس وحدت مسلمین نے ریلی حیدری امام بارگاہ پرانا سکھر سے جئے شاہ چوک تک نکالی۔
اس کے علاوہ ٹھٹھہ میں شاہ نجف امام بارگاہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی،ملتان، بہاولپور، نوابشاہ، مردان اور مختلف شہروں میں بھی گستانہ خاکوں خلاف مظاہرے کیے گئے۔
خیال رہے کہ متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو نے ایک بار پھر شان رسالتﷺ میں گستاخی کرتے ہوئے توہین آمیزخاکے شائع کردیے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق میگزین کی جانب سے شائع کیے گئے توہین آمیز خاکے وہی ہیں جن کے ردعمل میں 7 جنوری 2015 کو اس میگزین پر حملہ کیا گیا تھا جس میں خاکے بنانے والا شخص اور دیگر 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔